بھارتی کرکٹ لیجنڈ یووراج سنگھ نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

ویب ڈیسک – بھارت کے سٹار آل راوٴنڈر اور 2011 میں بھارتی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے اہم رکن یووراج سنگھ نے کرکٹ کو خیر باد کہتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے مایہ ناز آل راوٴنڈر 37 سالہ یووراج سنگھ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 19 سالہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز 2000 میں کینیا کے خلاف کیا تھا۔  یووراج سنگھ نے304 ون ڈے میچوں میں 8701 رنز بنانے کے ساتھ 111 وکٹیں اور 93 کیچز بھی پکڑے۔

یووراج سنگھ نے 14 سنچریاں اور 52 نصف سنچریاں بنائیں، ان کا بہترین سکور 150 رنز ہے۔ جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے  40ٹیسٹ میچز میں 33.92کی اوسط سے 1900رنز سکور کیے جب کہ 58ٹی ٹونٹی میچز میں 28.02کی اوسط سے 1177رنز بنائے ۔

بھارت میں ہونے والے 2011 کے ورلڈ کپ میں یووراج کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران یووراج کو کینسر جیسے موذی مرض نے آلیا تھا لیکن وہ بیماری کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کھیلتے رہے اور بھارتی ٹیم کو دوسری مرتبہ ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔