کراچی کے سمندر میں فائبر آپٹک کیبل ٹوٹ گئی، ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سپیڈ متاثر

کراچی ۔ کراچی کے سمندر کے نیچے سے پاکستان کو انٹرنیٹ سپلائی کرنے والی فائبر آپٹک کیبل ٹوٹ گئی جس کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سپیڈ متاثر ہو گئی ہے، پی ٹی سی ایل کی انٹرنینٹ سروس استعمال کرنے والے صارفین کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس وقت ملک بھر میں پی ٹی سی ایل کا انٹرنینٹ استعمال کرنے والے صارفین کو آہستہ سپیڈ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کراچی کے زیرسمندر گزرنے والی فائبر آپٹک کیبل میں خرابی پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروس جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔،

اس وقت ملک میں انٹرنیٹ کی سپیڈ صرف %30 تک آرہی ہے۔ پی ٹی سی ایل کے مطابق ماہرین اور ٹیکنیکل سٹاف زیر سمندر خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آئندہ چند گھنٹوں میں خرابی کو مکمل طور پر دور کر دیا جائے گا اور صارفین ایک مرتبہ پھر بھرپور سپیڈ کے ساتھ انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ آج سب 6 سے 7بجے درمیان اچانک ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل بند ہو گئی تھی، جس کے بعد پی ٹی سی ایل کے دفاتر میں شکایات درج کروانے والوں کی ٹیلی فون کالز کا تانتا بندھ گیا۔ انٹرنیٹ میں خرابی کے بعد پی ٹی سی ایل کی سروس  آہستہ آہستہ یہ جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی لیکن اب تک پی ٹی سی ایل کے صارفین کو مکمل طور پر انٹرنیٹ کی سپیڈ میسر نہیں آسکی ہے۔