ڈالر بے قابو، ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا، 4 روپے اضافے کے ساتھ 161 کا ہو گیا

ویب ڈیسک – امریکی ڈالر کی قیمت میں آج ریکارڈ 4 روپے اضافہ ہو گیا اور اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر 161 روپے میں ٹریڈ ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی روپے کی مسلسل بے قدری جاری ہے اور امریکی ڈالر ملکی تاریخ بلند ترین سطح 161 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ آج مارکیٹ کے آغاز میں ہی امریکی ڈالر کے طیور بگڑ گئے اور وہ روپے کو روندتا ہوا 161 کی بلند ترین قیمت تک پہنچ گیا۔ امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک دم 4 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال رہی تو آنے والے چند ہفتوں میں امریکی ڈالر 200 روپے تک پہنچ چائے گا۔

گذشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 156 روپے 97 پیسے سے بڑھ کر 157 روپے ہو گئی تھی اور قیمت فروخت 157 روپے 17 پیسے سے بڑھ کر 157 روپے 20 پیسے مقرر ہوئی تاہم مقامی اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت خرید 156 اور قیمت فروخت 156 روپے 70 پیسے پر مستحکم ہو گئی تھی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے پاکستان پر غیرملکی قرضوں کے حجم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد اضافہ ہوگیا ہے۔