میں باہر جا کر بادشاہوں کی منتیں کرتا ہوں، امیرِقطر کی شکایت پر عمران خان نے وزراء کو جھاڑ پلا دی

ویب ڈیسک ۔ میں باہر جا کر بادشاہوں کی منتیں کر کے ملک میں سرمایہ کاری لاتا ہوں اور تم لوگ یہ کام کرتے ہو۔۔۔! وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزرا کو امیر قطر کی جانب سے لگائی گئی شکایت پر جھاڑ پلا دی۔ عمران خان کابینہ کے اجلاس کے دوران شدید غصے میں دکھائی دیئے۔ سنئیر تجزیہ کار اور صحافی روف کلاسرا نے گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس کی روداد سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنئیر صحافی و تجزیہ کار روف کلاسرا نے بتایا کہ امیر قطر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی بیوروکریسی اور وزرا کی شکایت لگاتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں بہت دلچسپی رکھتے تھے۔دنیا کے بہترین ائیرپورٹس ہم چلا رہے ہیں اور پاکستان میں بھی اس حوالے سے سرمایہ کاری کرنا چاہتے تھے لیکن آپ کے لوگوں نے ہمیں گھاس نہیں ڈالی۔

وزیراعظم اس شکایت کے بعد شدید غصے میں تھے جس کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ  میں باہر جا کر بادشاہوں کی منتیں کر ے سرمایہ کاری پاکستان میں لاتا ہوں۔لیکن جو بیوروکریٹس بیٹھے ہیں ان کی وجہ سے سارے پراجیکٹس رک جاتے ہیں۔عامر متین کا کہنا تھا کہ ہارون رشید بھی انہی وجوہات کی وجہ سے چھوڑ کر چلے گئے تھے تاہم اب عمران خان نے ایک کمیٹی بنانے کا کہہ دیا جو انہیں اگلے پچھلے تمام منصوبوں اور معاہدوں سے متعلق بتائے۔