رحیم یار خان: ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، خوفناک حادثے میں 11 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک – رحیم یار خان کے قریب مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد مسافر  زخمی ہو گئے۔  مسافر ٹرین ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

تفصیلات کے مطابق   کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار ریلوے اسٹیشن پر کھڑی  مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق  اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ مسافر ٹرین کا انجن اور تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ حادثے کے بعد رحیم یار خان اور صادق آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹرینوں کے درمیان افسوسناک حادثہ سگنل بروقت تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا،  ضلعی پولیس محکمہ ریلوے کے ساتھ مل کر حادثہ کے محرکات جاننے کے لئے تفتیش کر رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے  ٹرین حادثے اور قیمتی جانوں کی ہلاکتوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر ریلوے کے مطابق  حادثہ بظاہر انسانی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے۔