انگلینڈ دفاعی چیمپئین آسٹریلیا کو شکست دے کر ورلڈکپ 2019 کے فائنل میں پہنچ گیا

ویب ڈیسک ۔ کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے میزبان انگلینڈ نے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئین آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر نیوزی لینڈ کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی بیٹنگ چلی نہ باوٴلنگ، انگلینڈ نے 27 سال کے بعد ورلڈکپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیویڈ وارنر نے کیا تاہم دونوں اوپنر صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کا کوئی بلے باز انگلش باوٴلنگ کے سامنے نہ ٹک سکا۔ صرف  اسٹیو اسمتھ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا  اور وہ 85 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اووروں میں بمشکل 223 رنز بنائے اور اس کے 9کھلاڑی آوٴٹ ہوئے۔ ہدف کے تعاقب میں جونی بیرسٹو اور جیسن رائے پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز کا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا۔ جونی بیرسٹو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیسن رائے 85 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جوئے روٹ اور کپتان مورگن نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور 33 ویں اوور میں 224 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، جوئے روٹ اور مورگن 33،33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب اتوار کو لارڈز کے تاریخی گراوٴنڈ میں ٹائٹل کے لئے ٹکرائیں گی۔ نیوزی لینڈ پچھلے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھا گیا تھا جبکہ انگلینڈ نے 27 سال کے بعد میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔