ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار احتساب عدالت کے جج ارشد ملک عہدے سے فارغ

اسلام آباد – مریم نواز کی جانب سے پیش کر دہ ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ارشد ملک سے جج کا قلمدان واپس لینے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت قانون کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعلان کیا ہے مطابق احتساب عدالت کے متنازع جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے لئے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے وزارت قانون کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت قانون جج ارشد ملک کی خدمات واپس لے۔  اس سے قبل  قبل جج ارشد ملک نے ویڈیو اسکینڈل پر قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ کو خط لکھ کر مریم نواز کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیاتھا۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے گزشتہ روز قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق سے بھی ملاقات کی تھی۔ وہ سکینڈل آنے کے بعد سے پیر اور جمعرات کو دو ملاقاتیں کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے پریس کانفرنس میں جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں بلیک میل کرکے اور دباؤ ڈال کر نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا دینے پر مجبور کیا گیا۔