
حکومتی پالیسیوں کیخلاف تاجروں کی ملک بھر میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال
لاہور ۔ آج ملک بھر میں تاجر برادری حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کی بھرمار اور سخت معاشی پالیسیوں کے خلاف شٹر ڈاوٴن ہڑتال کر رہی ہے۔ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت ملک کے تمام چھوٹے برے شہروں میں تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔ کاروباری مراکز بند ہونے سے دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہورہا ہے۔ جبکہ صارفین کو بھی خریدوفروخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی نئی معاشی پالیسیوں اور نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تاجر برادری اکٹھی ہو گئی ہے اور ملک بھر میں احتجاجاً آج کاروباری مراکز بند کردیئے گئے ہیں۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نئے ٹیکس عوام اور کاروباری طبقے کو قتل کردینے کے مترادف ہیں۔ تاجر برادری حکومت پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
لاہور میں ہڑتال کی صورتحال ملک کے دیگر حصوں سے کچھ مختلف ہے۔ لاہور میں تاجربرادری کے درمیان ہڑتال پر شدید اختلافات سامنے آگئے۔ انجمن تاجران اور پاکستان ٹریڈرز الائنس ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہوگئی ہیں۔ ہال روڈ، مال روڈ، لبرٹی مارکیٹ، بیڈن روڈ، اچھرہ،فیروز پور روڈ، صرافہ مارکیٹ اور جیل روڈ پر دکانیں مکمل بند ہیں جب کہ انارکلی، بادامی باغ، منٹگمری روڈ اور میکلوڈ روڈ میں تاجر تقسیم ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر بحال ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور تاجر برداری کی تنظیموں کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے جو ناکام ہو گئے۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد تاجروں نے ہڑتال کی کال دے دی۔