فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، انگلینڈ کے کپتان مورگن کا حیران کن بیان

ویب ڈیسک – کرکٹ ورلڈ چیمپئین انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے نیوزی لینڈ کے خلاف فتح میں اللہ کا ساتھ قرار دے دیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے این مورگن نے کہا کہ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا اسی لئے ہمیں فتح نصیب ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق فائنل میچ کے بعد ورلڈ چیمپئین انگلینڈ کے کپتان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب اوور تھرو پر چوکا ہوا تو میرے ساتھ بیٹھے عادل رشید نے کہا کہ آج اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ جس میں نے کہا ہاں اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ آج فائنل میں فتح میں  ہر رنگ اور نسل کے کھلاڑی نے مل کر جان لڑائی اور انگلینڈ کو فتح دلوائی۔

 

یاد رہے کہ  انگلینڈ نے ورلڈکپ 2019کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے کر پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم نیوزی لینڈ کے 241 رنز کے مقابلے میں 241رنز پر ہی آوٴٹ ہو گئی جس کے بعد میچ سپر اوور میں چلا گیا۔

کرکٹ تاریخ میں شاید پہلی بار ایسا ہوا ہو گا کہ میچ سپر اوور میں بھی برابر ہو گیا ۔ انگلینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو 16 رنز کی ہدف ملا۔ نیوزی لینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز بنائے اور وونگ رن لیتے ہوئے مارٹن گپٹن رن آوٴٹ ہوگئے اور یوں ورلڈکپ کا فائنل سپر اوور میں بھی برابر ہو گیا۔

سپر اوور میں میچ برابر ہونے کے بعد انگلینڈ کو میچ میں زیادہ چوکے اور چھکے لگانے پر فاتح قرار دے دیا گیا۔ کرکٹ قوانین کے مطابق اگر میچ سپر اوور میں بھی برابر ہو جائے تو میچ کا فیصلہ زیادہ باوٴنڈریز لگانے والی ٹیم کے حق میں دے دیا جاتا ہے۔ نیوزی لینڈ نے میچ میں 16 باوٴنڈریز لگائیں جب کہ انگلینڈ نے 24 مرتبہ گیند کو باوٴنڈری کے پار بھیجا تھا۔