پاکستان نے بھارت سمیت تمام ممالک کیلئے فضائی حدود کھول دی

ویب ڈیسک – پاکستان نے پانچ ماہ کے طویل عرصے بعد اپنی فضائی حدود تمام کمرشل پروازوں کے لئے کھول دی ہے۔ پابندی ختم ہوتے ہی لاہور سے نئی دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بحال ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس 27 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان نے اپنی فضائی حدود ہر قسم کی کمرشل اور نان کمرشل پروازوں کے لئے بند کر دی تھی۔ پاک بھارت جنگ کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا گیا تھا جسے چند ہفتوں بعد جزوی طور پر کھول دیا گیا تھا تاہم فضائی حدود کی مکمل بحالی کا آج باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے سب سے زیادہ نقصان خود بھارت کو ہوا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ان پانچ ماہ میں بھارت کی ائیرلائنز کو 490 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، جبکہ بھارتی ائیر لائنز نے سفر طویل ہونے کے باعث کئی اہم روٹس بند کردیئے تھے۔