چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا

لاہور – پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکڑ انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انضام الحق نے اپنے استعفے کا اعلان قذافی  سٹیڈیم لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

 

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں آج ایک اہم  پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں اور 30 جولائی کے بعد مزید ذمہ داریاں نہیں نبھاؤں گا جب کہ میں اپنی ٹیم کا شکریہ اداکرتا ہوں، میں نے اپنے سلیکشن کے تین سال مکمل کیے، میں کرکٹر ہوں کرکٹ میرا پیشہ اور میری محبت ہے، سلیکشن کے علاوہ بورڈ کوئی ذمہ داری دے گا اس کے لیے تیار ہوں۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ جو میں کر سکتا تھا وہ میں نے کیا، ورلڈ کپ میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو پاکستان نے ہرایا، ہماری ٹیم بہت اچھی تھی ، قسمت نے ساتھ نہیں دیا، ٹورنامنٹ کے آخر میں وکٹیں مشکل ہوگئی تھیں، ماہرین نے پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں شامل کیا تھا۔

اپنے بھتیجے امام الحق کی قومی ٹیم میں شمولیت کے سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ  کھلاڑی تعلقات سے نہیں کارکردگی سے سلیکٹ ہوتا ہے اور امام الحق نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ امام الحق انڈر 19 کی ٹیم میں 2012 سے تھا اور وہ  انڈر 19 کا نائب کپتان بھی تھا، اس وقت میں چیف سلیکٹر نہیں تھا جب کہ شعیب ملک نے 19 سال کرکٹ کھیلی ہے ، وہ اچھا کھلاڑی ہے لیکن ورلڈکپ میں پرفارم نہیں کرسکا۔