کلبھوشن یادیو پاکستانی عوام کا مجرم ہے، قانون کے مطابق سزا دیں گے: وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک – وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے عالمی انصاف عدالت میں کیس کے فیصلے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن پاکستانی عوام کا مجرم ہے۔ کلبھوشن کو پاکستان قوانین کے مطابق سزا دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عالمی انصاف عدالت کی جانب سے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بے گناہ قرار دیکر رہا کرنے اور ہندوستان واپس نہ بھجوانے کا عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ وہ پاکستانی عوام کیخلاف جرائم کا ذمہ دار ہے۔ پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی انصاف عدالت نے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس فیصلہ پاکستان کے حق میں سنا دیا تھا۔ عالمی انصاف عدالت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو رہا کرنے کی  بھارتی درخواست مسترد کردی ساتھ ہی پاکستان کو کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر نظر ثانی کا کہہ دیا۔ عالمی عدالت نے کلبھوش یادیو کا مستقبل پاکستانی عدالتوں پر چھوڑ دیا۔

عالمی عدالت انصاف کے جج عبد القوی احمد یوسف نے کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ جج نے کہا کہ  کہ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی کا حق حاصل ہے،پاکستان کلبھوشن یادیو کو دی جانے والی سزائے موت پر نظر ثانی کرے۔ جج نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ویانا کنونشن کے رکن ہیں اور دونوں فریقین  کلبھوشن یادیو کے بھارتی شہری ہونے پر متفق رہے۔

جج عبدالقوی احمد یوسف نے فیصلے میں کہا کہ پاکستان کا موقف تھا کہ کلبھوشن یادیو نے ملک میں جاسوسی اور دہشتگردی کی جبکہ جعلی نام پر پاسپورٹ کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوتا رہا۔ پاکستان کا موقف تھا کہ اںڈیا کلبھوشن یادیو کی شہریت کا ثبوت دینے میں ناکام رہا۔

یاد رہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسیوں نے سال 2016 میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر سروس افسر کمانڈر کلبھوشن یادیو کو صوبہ بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔ کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا کمیشینڈ آفیسر بھی ہے۔ جنگ عظیم دوئم کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ کسی افسر لیول کے جاسوس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔

کلبھوشن یادیو ایرانی پاسپورٹ پر ایک مسلمان تاجر حسین مبارک کے نام سے کارووائیاں کر رہا تھا۔ پاکستانی ایجنسیوں نے طویل عرصے تک کلبھوشن یادیو کی ریکی کر کے اسے گرفتار کیا تھا۔ کلبھوشن یادیو پاکستان میں  دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں ملوث تھا۔ کلبھوشن نے پاکستانی ایجنسیوں کی تحویل میں اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا کہ وہ بھارتی ایجنسی را کا افسر ہے اور پاکستان میں انارکی اور دہشت گرد کارروائیوں کے مشن پر تھا۔