آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار: مریم نواز

ویب ڈیسک – مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار ہو چکا ہے۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ہموطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار ! جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟

 

مریم نواز نے کہا کہ پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے!۔

 

یاد رہے کہ نیب لاہور اور راولپنڈی نے مشترکہ کارووائی کرتے ہوئے آج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کوٹہ کیس میں لاہور میں ٹھوکر نیازبیگ ٹول پلازہ سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ اسلام آباد  سے لاہور ایک پریس کانفرنس میں شرکت کے لئے آرہے تھے۔ نیب نے آج انہیں طلب کر رکھا تھا تاہم انہوں نے ذاتی مصروفیات کی بنا پر آج نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔