رانا ثناء اللہ کے ہم شکل کے ذریعے منشیات برآمدگی کی جعلی ویڈیو بنائی جا رہی ہے، اہلیہ نبیلہ ثناء کا الزام

ویب ڈیسک ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے اینٹی نارکوٹکس فورس پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے رانا ثناء اللہ کے ہم شکل کے ذریعے منشیات برآمدگی کی ایک جعلی ویڈیو بطور ثبوت بنا لی ہے۔

ایکسپریس نیوز نے اپنی ایک خبر میں انکشاف کیا ہے کہ  رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے  اپنے ویڈیو بیان میں اے این ایف پر الزام لگایا ہے کہ  ایک ٹی وی چینل کے لیے کام کرنے والے شخص جو کہ سابق وزیر قانون پنجاب  رانا ثنا اللہ کا ہم شکل ہے اسے اور رانا ثنا اللہ کی گاڑیوں کو موٹر وے پر دیکھا گیا ہے۔ نیبلہ ثناء نے اپنے الزام میں کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے ہم شکل کی مدد سے موٹروے پر رانا ثناء کی گرفتاری کا سین فلم بند کیا جا رہا ہے جسے بطور ثبوت عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جعلی ویڈیو کے ذریعے ان کے شوہر پھنسایا جائے گا۔

 

یاد رہے کہ رواں ماہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو موٹروے سے گرفتار کر کے ان کی گاڑی سے 15 کلو ہیروئین برآمد کی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سارے واقعے کی فوٹیج موجود ہے جسے عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جائے گا۔