مریم نواز کو بڑی خوشخبری مل گئی، عدالت نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس خارج کر دیا

ویب ڈیسک – مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو احتساب عدالت سے ایک بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔ احتساب عدالت نے مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس میں پیش ہوئیں۔ جہاں عدالت نے ان کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے نیب کے پراسیکیوٹر سے سوال جواب بھی کئے۔ مریم نواز نے سوال کیا کہ آپ کو ایک سال کیوں لگا عدالت کو یاد دلانے میں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہی عدالت کو بتا رہا ہوں، مریم نواز نے کہا کہ تھوڑی سی دیر کردی، بس ایک سال جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دیر آئے لیکن درست آئے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مریم نواز نے نوازشریف کی تصویر والی قمیض زیب تن کر رکھی تھی۔ قمیض نوازشریف کے تصویر کے ساتھ ’نوازشریف کو رہا کرو‘ جلی حروف میں لکھا گیا تھا۔

مریم نواز کی احتساب عدالت آمد کے موقع پر ن لیگ کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر پہنچ گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، احتساب عدالت کے چاروں اطراف خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں، 2  ہزار سے زائد پولیس، رینجرز، ایف سی اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں سمیت خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی کو احتساب عدالت کے باہر تعینات کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نیب نے مریم نواز کے خلاف  ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کروانے پر ریفرنس دائر کیا تھا جسے آج احتساب عدالت نے ناقابل سماعت قرار دے دیا۔