عدالت میں پیشی: مریم نواز کا نواز شریف کی تصویر والا لباس پہن کر انوکھا احتجاج

اسلام آباد – مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جہاں عدالت نے ان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر کیا گیا جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔

مریم نواز نے آج عدالت میں پیشی کے موقع پر انوکھا احتجاج کیا۔ وہ احتساب عدالت میں سیاہ رنگ کا نوازشریف کی تصویر والا لباس پہن کر آئیں۔ مریم نواز کا یہ لباس عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔  پر مریم نواز نے نوازشریف کی تصویر والی قمیض زیب تن کر رکھی تھی۔ قمیض نوازشریف کے تصویر کے ساتھ ’نوازشریف کو رہا کرو‘ جلی حروف میں لکھا گیا تھا۔ مریم نواز کے اس لباس کی تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس میں پیش ہوئیں۔ جہاں عدالت نے ان کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے نیب کے پراسیکیوٹر سے سوال جواب بھی کئے۔ مریم نواز نے سوال کیا کہ آپ کو ایک سال کیوں لگا عدالت کو یاد دلانے میں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہی عدالت کو بتا رہا ہوں، مریم نواز نے کہا کہ تھوڑی سی دیر کردی، بس ایک سال جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دیر آئے لیکن درست آئے۔