عمران خان کی امریکہ کمرشل پرواز سے آمد، خزانے کو کتنے کروڑ کا فائدہ ہوا؟ تفصیلات منظر عام پر

ویب ڈیسک ۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے امریکی دورے پر آج امریکہ پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی پاکستانی حکمران ایک عام کمرشل پرواز کے ذریعے ایک آفیشل دورے پر امریکہ جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قطر ائیر ویز سے امریکہ جانے کی پرواز لی تھی۔ وزیراعظم کے اس فیصلے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ کے لئے چارٹرڈ طیارے سے جانے کی بجائے کمرشل فلائٹ سے جانے کو ترجیح دی۔ جس سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ نہیں پڑا۔ وزیراعظم کے اس فیصلے سے قومی خزانے کو کم از کم چار کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اگر پاکستان ائیر فورس کے خصوصی طیارے سےامریکہ جاتے تو اس پر کم از کم 5کروڑ روپے خرچ آتا جبکہ کمرشل فلائٹ سے جانے میں یہی سفر تقریباً10لاکھ میں پڑا ہے۔

اس طرح عمران خان نے نہ صرف قوم کا پیسا بچایا بلکہ آنے والے حکمرانوں کے لئے سادگی کی ایک اعلیٰ مثال بھی قائم کر ڈالی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دور حکومتوں میں امریکہ، سعودی عرب یا دیگر ممالک کے سرکاری و نجی دوروں کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے پورے کے پورے جہازوں کو کئی کئی دن کے لئے بک کیا جاتا تھا جس سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہو چکا ہے۔