ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی، پولیس چوکی پر حملے کے بعد ہسپتال میں خودکش دھماکہ، 8 افراد شہید

ویب ڈیسک ۔ ڈیرہ اسماعیل خان دہشتگردی کی زد میں، دہشتگردوں کا پہلے پولیس چوکی پر حملہ، زخمیوں اور لاشوں کے ہسپتال پہنچنے کے بعد ہسپتال میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دہشتگردی کارووائیوں میں 8افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب کوٹلہ سیداں میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، فائرنگ کی زد میں آ کر 2 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ زخمیوں‌ کو منتقل کرنے کے دوران ہسپتال کے مرکزی دروازے پر خود کش دھماکہ ہوا جس میں‌ 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

کوٹلہ سیداں کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر اہلکار معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ  2 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 2 اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گئے،  جب زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو اس کے مرکزی دروازے پر برقع پوش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو بعد ازاں سی ایم ایچ بھجوا دیا گیا۔

عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور لڑکی تھی اور اس کی عمر کم و بیش 15 سال تھی۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔