پاک فوج کشمیریوں کی آخری حد تک مدد کرتی رہے گی: آرمی چیف کا اعلان

ویب ڈیسک ۔ مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر آج راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی زیر نگرانی کور کمانڈرز کی کانفرنس ہوئی۔ اس اہم کانفرنس میں بھارت کی جانب سے کشمیر کا خصوصی سٹیٹس ختم کرنے کے بعد پیدا ہونے والے حالات اور کشمیر میں ممکنہ بھارتی فوج کے آپریشن پر بات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کورکمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق غیر آئینی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

 

کانفرنس میں آرمی چیف نے اس معاملے پر حکومت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور  کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 یا 35 A کو تسلیم نہیں کیا تاہم اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کر دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیتی رہے گی، ہم ہر طرح کے حالات کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔