پی سی بی نے ٹیم میں جھاڑو پھیر دیا، مکی آرتھر اور اظہر محمود سمیت پورا کوچنگ سٹاف فارغ

ویب ڈیسک ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے بعد کوچنگ سٹاف میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، باوٴلنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو ان کے عہدوں سے فارغ کرتے ہوئے ان کے معاہدے فوری طور پر منسوخ کر دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چئیرمین احسان مانی نے کرکٹ  کمیٹی سفارشات پر عمل در آمد کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، باوٴلنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو فارغ کر دیا ہے۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ  کرکٹ کمیٹی تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے جو ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام جاری رکھے گی۔

یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں ناکامی کے بعد کرکٹ کمیٹی نے ٹیم کی پرفارمنس کا پوسٹ مارٹم کیا تھا جس میں کپتان اور کوچ کی پرفارمنس کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔ کرکٹ کمیٹی میں وسیم اکرم اور مصباح الحق جیسے منجھے ہوئے کرکٹر شامل ہیں۔ نئے کوچنگ سٹاف کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔