بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے اب کی بار جواب 27فروری سے بھی سخت آئے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کسی بھی قسم کی حرکت سے باز رہے کیونکہ اس بار پاکستان جواب نہ صرف فوری ہو گا بلکہ 27فروری سے زیادہ سخت اور خطرناک ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارت کے ایک جنرل نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول سے دراندازی کروا رہی ہے۔ جس کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جنرل کا بیان ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا پلندہ ہے اور بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے جنگ کے بہانے تراش رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بھارت جھوٹا پراپیگنڈہ کر کے  لائن آف کنٹرول پر کارروائی کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے، لیکن اگر بھارتی فوج نے ایسی کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان اسے 27 فروری سے بھی زیادہ سخت جواب دے گا۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہزاروں بھارتی فوجی کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو نہیں دبا سکے۔ موجودہ کارروائی بھی کبھی کامیاب نہ ہو سکے گی۔