امریکی صدر ٹرمپ کا عمران خان سے ٹیلی فون پر ہنگامی رابطہ

ویب ڈیسک ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ دونوں سربراہوں کے درمیان فون پر طویل گفتگو ہوئی جس میں خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے پر بات بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کیساتھ چند گھنٹے قبل ہونیوالی ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے نریندر مودی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہر صورت مقدم رکھنے کی بات کی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی 16 اگست کو امریکی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی جس میں انھیں بھارتی وزیراعظم مودی سے بات کرنے کا کہا تھا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی عمران خان اور مودی سے ہونے والی بات چیت کا ذکر کیا۔