بھارت جھوٹے آپریشن کا بہانہ بنا کر کشمیریوں کا قتل عام کرنے والا ہے: عمران خان

ویب ڈیسک ۔ وزیر اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے پاس ایسی اطلاعات آرہی ہیں کہ بھارت دہشت گردوں کے خلاف ایک جھوٹے آپریشن کا بہانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کرنے والا ہے۔ انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پہلے انگریزی پھر اردو میں ٹویٹ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی شروع کی جانے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی میڈیا کے دعوے سن رہے ہیں کہ کچھ دہشتگرد اپنی کارروائیوں کیلئے افغانستان سے مقبوضہ کشمیر میں جبکہ بعض بھارت کے جنوبی علاقوں میں گھس چکے ہیں۔ان دعووں سے واضح ہوگیا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور کشمیریوں کی نسل کشی کے بھارتی ایجنڈے سے توجہ ہٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

عمران خان نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں اقوام عالم کو متنبہہ کرنا چاہتا ہوں کہ بھارتی قیادت ممکنہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالی اور وحشت تشدد کے راج سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک جعلی فلیگ آپریشن کا سہارا لینے کی کوشش کرے گی۔