رانا ثناٴاللہ کی گرفتاری کی ویڈیو عدالت میں پیش، لیگی رہنما کے ریمانڈ میں توسیع

ویب ڈیسک ۔ اے این ایف حکام نے منشیات کیس میں گرفتار لیگی رہنما رانا ثناٴاللہ کو آج انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر اے این ایف حکام نے رانا ثناٴاللہ کی گرفتاری کے موقع پر بنائی گئی سیف سٹی کی ویڈیو بھی پیش کر دی۔

ویڈیو کی عدالت حوالگی کے موقع پر عدالت نے رانا ثناٴاللہ کے دستخط لئے اور اس کے بعد ویڈیو کو بطور ثبوت سیل کر دیا۔  رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیاتھا۔

عدالت نے لیگی راناثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 7 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔