کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی، پاکستانی سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر کل آدھے گھنٹے کیلئے باہر نکلیں، عمران خان کی اپیل

ویب ڈیسک ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کشمیریوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کل آدھے گھنٹے کے لئے اپنے گھروں سے نکلیں اور بھارتی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانی کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے کیلئے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، کل دن 12 بجے سے لیکر 12:30 تک باہر نکلیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ کل باہر نکل کر ہم کشمیری بھائیوں کو پیغام دیں گے کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی سفاکیت، 24روز سے جاری غیر انسانی کرفیو، بچوں/خواتین سمیت کشمیری باشندوں پر تشدد/ انکے قتل ، مودی سرکار کے نسل کشی کے ایجنڈے اور مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کا منصوبہ چوتھے جینیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔ ہمیں اہلِ کشمیر کو ٹھوس پیغام بجھوانا ہے کہ بحیثیت قوم ہم پوری قوت سے انکی پشت پر ہیں۔ چنانچہ تمام پاکستانی سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر کل آدھے گھنٹے کیلئے باہر نکلیں اور اہلِ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔

یاد رہے کہ کل دن 12 بجے پاکستان کے تمام اشارے سرخ ہو جائیں گے اور ملک بھر میں سائرن بجایا جائے گا۔ جبکہ پاکستانی کے قومی ترانے کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی ملک بھر میں بجایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر تمام پاکستانی سے  12 بجے سے لیکر 12:30 تک بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں گے۔