کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی، پاکستانی قوم بھرپور احتجاج کرنے کو تیار

ویب ڈیسک ۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف آج پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے تیار ہے۔ آج وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پوری قوم 12بجے آدھے گھنٹے کے لئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے گی اور دنیا کو پیغام دے گی کہ کشمیریوں پر مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر آج 12 بجتے ہی اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں  کی شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے۔ قومی ترانے کیساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی ”کشمیر آور“ کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ملک بھر میں ٹرینیں بھی روک دی جائیں گی جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی موخر کر دیا گیا ہے۔

ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر آپریشنل معاملات آدھے گھنٹے کیلیے جزوی طور پر معطل رہیں گے۔ ایئر پورٹس پر قائم دفاتر، ایوی ایشن ڈویژن ، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارتی کے مرکزی اور ریجنل دفاتر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔