وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا: بلاول زرداری

ویب ڈیسک ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیر کا مسئلہ درست طریقے سے پیش نہیں کیا۔ یہ بات انہوں نے گھوٹکی میں کی۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ  سمجھا جا رہا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر سے انقلاب آنا تھا۔ انہوں نے ایسا کوئی بیانیہ نہیں دیا جو مانا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کاش وزیراعظم 50 روز پہلے پوری دنیا کے دورے کرتے اور مسئلہ کشمیر کو اٹھاتے۔ کاش 50 روز پہلے وزیراعظم نیویارک پہنچتے۔ مسئلہ کشمیر کے بارے میں بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کشمیر کاز کو اٹھانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کشمیر کے مسئلے کو مل کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ آج اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی حکومت کے بخیے ادھیڑ دیئے تھے۔ عمران خان کی جانب سے کشمیری میں جاری بھارتی جارحیت کو جس انداز سے اٹھایا گیا پاکستان کے تمام تجزیہ کار اس کے معترف نظر آرہے ہیں۔