10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا میدان گرم ، سری لنکن ٹیم نے پاکستانیوں کی خوشخبری سنا دی

لاہور( ڈیسک)10 برس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کے لیے پاکستان میں میدان آبادہونے جارہے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دسمبر میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔یہ سیریز پہلےستمبر، اکتوبر میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلی جانی تھی لیکن دونوں بورڈز کی باہمی رضا مندی کے بعد اس ٹیسٹ سیریز کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ساتھ تبدیل کر دیا گیا تھا تاکہ مہمان ٹیم پہلے پاکستان میں حالات کا جائزہ لے سکے اور دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کا انعقاد کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان پر تھی، جہاں سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 2-0 سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں حالات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی منظوری  دےدی ۔سری لنکن بورڈ آج ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس اہم سیریز کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، میڈیا کے ایکریڈیشن کارڈز کا مرحلہ بھی جلد شروع ہورہا ہے۔‏پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کے لیےکرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کے لیے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ2009 میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے افسوسناک واقعے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہو گئی تھیں لیکن 2015 میں زمبابوے کرکٹ ٹیم نے مختصر دورانیے کی کرکٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا اور اس کے بعد کئی انٹر نیشنل میچز بھی کھیلے گئے لیکن اب دسمبر میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز کا انعقاد ہو گا۔