ہوشربا مہنگائی،خودکشی کےواقعات میں تشویش ناک اضافہ

فیصل آباد(ڈیسک )دو افراد نے کی خود کشی کر لی جبکہ دو دوستوں سمیت آٹھ افراد نے بھی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہر نگل لیا، تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل ، آن لائن  کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی پینتیس سالہ عابد ولد شفیع نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں ، جسے الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں جانبر نہ ہوسکا۔

علاوہ ازیں تھانہ غلام محمد آباد کے محلہ صادق آباد کے رہائشی بائیس سالہ علی رضا ولد غلام محمد نے گھریلو حالات سے تنگ آکر گلے میں پھندا لیکر چھت والے پنکھے سے جھول گیا ، نا گہانی اموات پر گھروں میں کہرام برپا ہو گیا، جبکہ 225ر ب ملکھانوالہ میں حالات کے ستائے دو دوستوں چوہے مار گولیاں نگل لیں ، جنہیں تشویشناک حالت میں سول ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں چوبیس سالہ سجاول ولد منیر اور شہباز ولد مختار ساکنان 225ر ب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

محمد آباد کی رہائشی تیس سالہ سمیرا زوجہ عمران نے گھریلو جھگڑے پرنیند آور گولیاں زیادہ مقدار میں نگل لیں جسے ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم نے سول ہسپتال داخل کرایا ، اعظم آباد میں ساٹھ سالہ سرور بھی نا معلوم وجوہات پر چوہے مار گولیاں نگل کرموت گلے لگانے کی کوشش کی جسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال داخل کرایا گیا ، پچاس سالہ امانت علی منصور آباد ، پچیس سالہ صوبیہ زوجہ اسحاق افضل آباد ، پچپن سالہ اشرف ولد شرافت عثمان ٹائون اور تیئس سالہ عاشق علی ولد نور بہار ساکن 191ر ب نے بھی زہریلی گولیاں نگل لیں۔