فواد عالم کی سوئی قسمت جاگ گئی، 10 سال کے طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی

سپورٹس ڈیسک ۔ ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کی سوئی قسمت بالآخر جاگ گئی، 10سال کے طویل انتظار کے بعد بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فواد عالم کو سری لنکا کے خلاف ہوم سریز کے لئے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ فواد عالم کے ساتھ عثمان خان شنواری نے بھی قومی ٹیم میں کم بیک کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سریز کے لئے آج قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ چیف سلیکٹر اور قومی کوچ مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ سکواڈ میں ذیادہ تبدیلیاں کئے بغیر فواد عالم اور عثمان خان شنواری کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سریز کے لئے اعلان کردہ سکواڈ میں اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسدشفیق، بابراعظم، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ، عثمان شنواری شامل ہیں۔

ڈومیسٹک سیزن میں گذشتہ 10سال سے رنز کے انبار لگانے والے فواد عالم کو مسلسل اچھی پرفارمنس کے باوجود نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔  انہوں نے اپنا آخری میچ میں 2009 میں ہی سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا اور اس کے بعد سے انہیں موقع نہیں دیا گیا۔ فواد عالم نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 41.6 کی اوسط سے 250 رنز بنائے ہیں، انہوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں 168 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔