والد کو میری ضرورت، دیکھ بھال کیلئے لندن جانا چاہتی ہوں، مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست

ویب ڈیسک ۔ نوازشریف اور شہباز شریف کے بعد اب مریم نواز نے بھی لندن روانگی کی ٹھان لی۔ انقلاب کا نعرہ اور ملک کبھی نہ چھوڑنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں بیرون ملک جانے کے لئے درخواست اجازت جمع کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے وکلاء نے لاہورہائیکورٹ میں ایک درخواست جمع کروائی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز کو لندن والد کے پاس جانے کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں مریم نواز نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے والد بیماری کی حالت میں ان پر انحصار کرتے ہیں اور خود بھی وہ والد کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی دباوٴ کا شکار ہیں اس لئے انہیں لندن جانے کی اجازت دی جائے۔

اپنی درخواست میں مریم نواز نے لکھا ہے کہ عدالتوں میں ڈیڑھ سال تک مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام عجوبہ ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں حکومت، چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ اینڈامیگریشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مریم نواز ان دنوں ضمانت پر رہا ہیں انہیں ان کے والد نوازشریف کی بیماری کے دوران ان کی تیمارداری کے لئے رہا کیا گیا تھا اور ان کا پاسپورٹ نیب کی درخواست پر عدالتی تحویل میں لے لیا گیا تھا۔