
عامرخان کی فلم کےلئے کرینہ کا آڈیشن
ممبئی(ویب ڈیسک) ‘ لال سنگھ چڈھا’ ایسی واحد فلم ہو گی جس کے لئے اداکارہ کرینہ کپور کو آڈیشن دینا پڑا۔ کرینہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف اپنے شریک اداکار عامر خان کے سبب اسکریننگ کے عمل سے گزرنا قبول کیا۔ ‘ لال سنگھ چڈھا’ 1994 میں آئی ٹام ہینکس کی فلم ” فاریسٹ گنپ” کی ری میک ہے۔ عامر خان اس فلم میں اہم رول نبھا رہے ہیں۔ کرینہ نے پی ٹی آئی بھاشا سے کہا ” لال سنگھ چڈھا ممکنہ طور پر میرے کیرئیر کی واحد ایسی فلم ہے جس کے لئے مجھے آڈیشن دینا پڑا۔ میں عامر( خان) کے علاوہ کسی کے لئے یا کسی بھی فلم کے لئے ایسا نہیں کرتی”۔ کرینہ نے کہا کہ ” تھری ایڈیٹ” کے بعد عامر کے ساتھ کام کرنا ناقابل یقین تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عامر کی وجہ سے ناقابل یقین ہے۔ ممکنہ طور پر انہیں ہندوستان میں سنیما دنیا کی سب سے اچھی سمجھ ہے۔ اس نسل کے ایسے جوشیلے اور خود کو وقف کر دینے والے اداکار کے ساتھ فلم میں کام کرنا ان کے لئے فخر کی بات ہے۔ کرینہ نے کہا کہ وہ عامر کے کیرئیر کو 1989 میں آئی ان کی فلم ‘ راکھ’ سے دیکھ رہی ہیں اور وہ ان کی بہت بڑی مداح ہیں۔