پی سی بی کا دباوٴ کام کر گیا، بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامند، میچوں کا شیڈول جاری

ویب ڈیسک ۔ کبھی ہاں کبھی نا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا دباوٴ برداشت نہ کرتے ہوئے آخر کار بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے پر رضا مند ہو گیا۔ دنوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دوحصوں میں کھیلی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 3ٹی ٹونٹی اور ایک ٹیسٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا، سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچز، ایک ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔ یہ سیریز دو حصوں میں ہو گی۔ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔ آئی سی سی کے چیئر مین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

 

طے شدہ شیڈول کے مطابق  بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، مہمان ٹیم 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی جب کہ پی ایس ایل کے بعد دونوں ٹیموں کا ایک ون ڈے 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔