ویب ڈیسک ۔ گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے غلط فہمی کی بنا پر یوکرین کا طیارہ مار گرانے کی ایک نئی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بدقسمت طیارے کو 2  میزائل مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا ایران کشیدگی کے دوران یوکرین کے مسافر طیارے کے تباہ ہونے کی ایک نئی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔ نئی ویڈیو میں انکشاف ہوا ہے کہ طیارے کو تباہ کرنے کے لئے ایران کی جانب سے ایک نہیں بلکہ دو میزائل مارے گئے تھے۔

طیارے نے جیسے ہی تہران ائیرپورٹ سے اڑان بھری ایک بعد ایک دو میزائلوں نے بدقسمت مسافر طیارے کو نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزائلوں کا نشانہ بننے کے بعد آگ کے شعلوں میں تبدیل ہو گیا اور پھر تہران کے مضافات میں گر کر تباہ ہو گیا۔

یوکرینی حکام کے مطابق ایک میزائل طیارے کے کاکپٹ کو لگا جس سے طیارے کے پائلٹ بنا کوئی پیغام دیئے یا طیارے کو زمین کی جانب موڑنے سے قبل ہی مارے جا چکے تھے۔ یاد رہے کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کی خاطر ایران نے امریکی اڈے کو عراق میں نشانہ بنایا جس کی زد میں آکر یوکرین کا مسافر طیارہ تباہ ہو گیا۔ اس طیارہ حادثے میں 180 افراد ہلاک ہو گئے۔ جن میں بڑی تعداد ایرانیوں اور کینیڈا کے باشندوں کی تھی۔