بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کر لیا گیا، دائیں ہاتھ کے بلے باز اس سے قبل 2017ء میں بھی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔

کلینڈر ایئر 2019ء میں بابر اعظم نے 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز سکور کیے۔ اس دوران انہوں نے تین سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں سکور کیں۔2019ء میں بابر اعظم نے اپنی پہلی سنچری ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف سکور (115 رنز)کی۔ انہوں نے دوسری سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی (101 رنز ناٹ آؤٹ)جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 115 رنز کی اننگز بابر اعظم کی کیلنڈر ایئر میں تیسری سنچری تھی۔

2019ء میں پہلی بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے بابر اعظم 474 رنز بنا کر میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں، بابر آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

اس موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ انٹرنینشل کرکٹ کونسل اور جیوری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2019ء میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے بھرپور سپورٹ کیا۔