بجلی مہنگی نہیں کر سکتے، حکومت کا آئی ایم ایف کو صاف جواب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی حکام نے بجلی کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ نقصانات کم کرنے کیلئے متبادل پلان دیں گے۔

ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کی پاکستانی حکام سے اہم ملاقات ہوئی جس میں انھیں وزارت توانائی کی کارکردگی اور اصلاحات پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ کے دوران لائن لاسز میں کمی سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہیں کر سکتے بلکہ اس کو 18 ماہ کیلئے منجمد کرنا اور صنعتی شعبے کیلئے بجلی ٹیرف کا پیکج لانا چاہتے ہیں۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزارت توانائی اور عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد کی جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاہم آئی ایم ایف وفد نے ٹیرف منجمد کرنے کی تجویز پر ردعمل نہیں دیا۔