ترک صدر کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں


اسلام آباد ( ڈیسک )پاکستان میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی آمد کے پیش نظر دارلحکومت اسلام آباد کو ترک پرچموں سے سجا دیا گیا۔ سرکاری دفاتر کی شاہراہ ، ہوٹل اور ہوائی اڈے کی گزرگاہوںکو ترک صدر کی تصاویر اور ترک پرچموں سے آراستہ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں پاک ترک دوستی کے حوالے سے تحریروں کے بینرز بھی جگہ جگہ چسپاں کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ طیب اردگان کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، ان کی پاکستان آمد سے متعلق سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، نور خان ایئربیس کے گرد سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ترک ہم منصب کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جس میں وزیر اعظم عمران خان،اعلیٰ سول اور عسکری قیادت شریک ہوگی۔ رجب طیب اردگان صدر مملکت اور وزیر اعظم سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے بھی ہوں گے جب کہ 14 فروری کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی ہوگا جس سے وہ خطاب بھی کریں گے۔
ترک صدر کے ساتھ وفد میں اعلیٰ دفاعی حکام بھی اسلام آباد پہنچیں گے۔دورے کے دوران پاک ترک دفاعی شعبے خصوصا ٹی ٹی 129ہیلی کاپٹر کی پیش رفت کا امکان ہے۔پاکستان اور ترکی کے مابین ٹی 129 لڑاکا ہیلی کاپٹرز کا معاہدہ موجود ہے۔ترکی پاکستان کو 30لڑاکا ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ( پاکستان اور ترکی کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت پاکستان ترکی سے 30 عدد T129 ATAK ہیلی کاپٹر خریدے گا۔ یہ ہیلی کاپٹر 76 میزائلوں سے لیس کیا جاسکتا ہے اور کافی بلندی تک پرواز کر سکتا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان اس دفاعی معاہدے کو ماہرین دو دوست ملکوں کے درمیان ایک سہولت قرار دے رہے ہیں۔