کمائی کے نئے انداز،بھارتی میٹرو کوچز پارٹی کے لیے دستیاب

نئی دہلی( ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا میںحکام میٹرو کوچز سے زیادہ کمائی کا گُر آزمانے لگے۔ گریٹر نوئیڈا میٹرو کوچ میں اب سالگرہ یا کسی طرح کی تقریب کی اجازت عام کر دی گئی۔ یہ جشن چلتی میٹرو ٹرین میں یا کھڑی میٹرو میں کیا جاسکتا ہے لیکن مفت میں نہیں بلکہ اس طرح کی تقریبات کے لئے ایک گھنٹہ کی لاگت 5 سے 10 ہزار بھارتی روپے ہوگی۔ نوئیڈا میٹرو نے محصول میں اضافہ کرنے کے لئے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ، کوئی بھی شخص میٹرو کی ایک سے چار کوچز کی خدمات حاصل کرسکتا ہے۔اس کے لیے اسے میٹرو کوچ بک کروانے کے لئے 15 دن قبل درخواست جمع کرانا ہوگی۔ بکنگ کی تصدیق کے بعدا اسے فی گھنٹہ 5 سے 10 ہزار روپے جمع کروانا ہوگا۔ اس کے علاوہ ، بکنگ شخص کو سیکیورٹی رقم کے طور پر 20 ہزار روپے کی اضافی رقم بھی جمع کرانی ہوگی ، جو بعد میں واپس کردی جائے گی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ سالگرہ منانے کے لئےاسے ایک گول میز ، ایک ڈسٹ بِن اور ایک ملازمہ فراہم کی جائے گی۔