جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی دورہ پاکستان سے معذرت

لاہور (ویب ڈیسک) کرکٹ ساؤتھ افریقا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ نہیں کر سکیں گے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹیم جلد از جلد پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے ساتھ سیریز کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ سیریز کے حوالے سے پروٹیز کرکٹ کے شعبہ سکیورٹی کے سربراہ کی آمد کے منتظر ہیں۔ یہ سیریز راولپنڈی میں کھیلے جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان مجوزہ تین ٹی ٹونٹی میچز آئندہ سال جنوری میں شیڈول دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا حصہ نہیں تھے۔

کرکٹ جنوبی افریقا نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کا جائزہ لینے کے بعد جمعہ کی دوپہر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور دورے سے معذرت کر لی ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ ماہ جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے خواہشمند تھے مگر ہم اس ضمن میں کرکٹ جنوبی افریقا کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو پیش نظر رکھنا کسی بھی کرکٹ بورڈ کی اوّلین ترجیح ہوتی ہے اور اس حوالے سے یہ فیصلہ قابل فہم ہے۔