خواتین کے جائیداد پر حق کا بل سینٹ سےمنظور


اسلام آباد ( ڈیسک )سینیٹ نے خواتین کے جائیداد پر حق کے نفاذ کا بل منظور کر لیا۔ اس بل کے مطابق اگرخاتون کو غیر قانونی طور پر جائیداد کی ملکیت سے محروم کیا گیا تو محتسب ملکیت خاتون کے حوالے کروانے کے لیے ڈی سی کو ہدایت دےگا، محتسب متعلقہ پولیس اسٹیشن کو احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت دے گا اور معاملے کی زیادہ تحقیقات کی ضرورت ہونے کی صورت میں محتسب ریفرنس بنا کر اسے سول کورٹ میں دائر کردے گا۔بل میں کہا گیا ہے کہ جائیداد کے حق سے محروم کیے جانے پر کوئی خاتون محتسب کے پاس شکایات دائر کرے گی، محتسب شکایت کا جائزہ لے کر مزید تحقیقات متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے سپرد کرے گا جو15 دنوں میں رپورٹ محتسب کو جمع کروائے گا اور محتسب شکایت موصول ہونے کے 60 دن کے اندر سماعت کرکے فیصلہ سنائے گا۔بل کے مطابق خاتون کو جائیداد سے محروم کرنے والے شخص کو پراپرٹی کی قیمت کے برابر کرایہ ادا کرنا ہو گا جبکہ محتسب خاتون کی ملکیت کے معاملے پر خود بھی کارروائی شروع کرنےکا اختیار رکھتا ہے، چاہے معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہی کیوں نہ ہو۔