پی ایس ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب شروع ہو گئی


کراچی ( ویب ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں ،کچھ دیرقبل اس کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوچکا ہے۔پی ایس ایل کی کراچی میں ہونے والی اس پہلی افتتاحی تقریب کے لیے نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف کو برقی قمقموں سے مزین کیا گیا ہے اور شہر قائد کی سڑکوں پر جگہ جگہ پاکستانی پرچم اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں،جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں گلوکار راحت فتح علی خان، سجاد علی، علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، آئمہ بیگ، صنم ماروی اور ہارون سمیت 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جس کے بعد ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔پی ایس ایل فائیو کا افتتاحی میچ آج رات 9 بجے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
۔۔۔۔۔