ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش ہیں،گورنر اسٹیٹ بینک


کراچی ( ویب ڈیسک )گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے ملک کی موجودہ معیشت کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصےپہلے ہمارے معاشی اشاریوں کی صورتحال اچھی نہیں تھی، ایک سال پہلے کی صورتحال اور آج میں بہت فرق آچکا ہے، اب ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سال پہلے جو لوگ ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے تھے اب وہ خاموش ہیں، معاشی بہتری قلیل مدتی نہیں بلکہ طویل مدتی عمل ہے، ہمیں پائیدار ترقی کے لیے اپنا مزاج بدلنا ہو گا۔لوگوں کو یہ بات جاننا ہوتی ہے کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ کیا ہو گا، دراصل پالیسی ریٹ کا تعین اسٹیٹ بینک کی کمیٹی کرتی ہے جس میں کوئی حکومتی رکن نہیں ہوتا۔ ملک میں مہنگائی کو دیکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کا تعین کیا جاتا ہے، ہمارا وعدہ ہے کہ ایکسچینج ریٹ کا تعین مارکیٹ کرے گی۔
دوسری جانب سی ای او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری برآمدات کا جی ڈی پی سے تناسب 10 فیصد سے بھی کم ہے، کئی غریب ترین ممالک کی یہ شرح پاکستان سے بہتر ہے اور کوئی بھی ملک اس شرح سے نہیں چل سکتا۔