مودی سرکارٹرمپ کو سونے کی تھالی میں شاہی کھانا کھلائے گی


لاہور( نیوزرپورٹ : نہال ممتاز)بھارت میں کروڑوں عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہوں یا غریب کسان فاقوں سے تنگ آ کر خود کشیوں پر مجبور ہوں،بھارتی سرکار اپنے امریکی مہمانوں کے ناز نخرے شاہانہ انداز میں اٹھا نے کی کوئی کسر باقی نہیں رہنے دینا چاہتی۔چاہے اس کے لیے مودی کو تعلیمی اداروں کے لیے مختص رقم سے شہر سجانا پڑےیا پھر سونے کی تھالیوں میں مہمانوں کو راج بھوگ پروسنا پڑے۔جی ہاںامریکی صدر ٹرمپ اور ان کے اہل خانہ سونے چاندی کے برتنوں میں مزیدار پکوان کھائیں گے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کادو روزہ سرکاری دورہ منگل کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس دورے میں ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ، بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر ، اعلیٰ امریکی عہدیداروں کی ٹیم شامل ہے۔ہندوستان میں امریکی مہمانوں کے استقبال کے لئے شاہی کیٹرنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں ، جن میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کی شام رام ناتھ کووند مہمان ڈونلڈ ٹرمپ کو رام پوروا بل میں خوش آمدید کہیں گے۔ اسے اشوکا کے دور کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔راشٹرپتی بھون میں ہونے والے اس عشائیہ پروگرام میں 100 کے قریب مہمانوںکو مدعو کیا گیا ہے جن میں سے تقریبا 30 امریکی مہمان اور حکومت ہند کی کابینہ کے کچھ وزراء کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں میں کام کرنے والی شخصیات کو بھی امریکی صدر کے عشائیہ میں مدعو کیا گیا ہے۔رات کے کھانے میں ، خاص خیال رکھا گیا ہے کہ اگرچہ برتن ہندوستانی ہوں لیکن کھانے کا ذائقہ امریکی ہونا چاہئے۔ کھانے میں امریکی مصالحوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ امریکی صدر کے عشائیہ تیار کرنے والے باورچیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کا خاص خیال رکھیں۔
عشائیے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ سونے کی پلیٹ میں مزیدار کھانا کھائیں گے ،یہ پلیٹ جے پور میں ڈیزائن کی گئی ہیں۔امریکی مہمانوں کے کھانے کا آغاز بطور ٹیسٹ انہانسر امیوز بوچ( ایک نوالے کی خاص ڈش جسے یورپ میں باقاعدہ کھانے سے قبل سرو کیا جاتا ہے) سے ہوگا۔ اسٹارٹر میں فش تکہ ہوگا ، جو امریکی سامون مچھلی سے تیار کیا جائے گا۔ سبزی خوروں کے لئے آلو تکے اور پالک پاپڑی کا انتظام کیا گیا ہے۔مشروبات میں لیموں دھنیاکے خاص ڈرنک کا انتظام کیا گیا ہے ، جس میں لیمن گراس کا ذائقہ نمایاں ہوگا۔راان عالی شان ، روغنی گریوی لائٹ اور دم گوشت بریانی کو نان ویج کھانے میں پیش کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ، ملکی اور غیر ملکی مہمان ، سبزی مٹر ، دیگی بریانی اور پودینہ رائتہ سمیت دیگر پکوان سے لطف اندوز ہوں گے۔
میٹھےمیں مالپوا ود رابڑی (امریکی مہمانوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے پین کیک کے ساتھ تیار کردہ) ، ہیزل نٹ ایپل پائی کے ساتھ سالٹی ، ونیلا آئس کریم کھانے کی میز پر پیش کی جائے گی۔