گوگل نےپلے اسٹور سے کرونا وائرس سے متعلق تمام تر ایپس ہٹا دیں

لاہور( ویب ڈیسک ) کرونا وائرس کے حوالے سے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس پر جعلی معلومات شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے لہٰذا جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے گوگل نے پلے اسٹور سے کرونا وائرس سے متعلق تمام ایپس ہٹا دی ہیں۔صارفین اگر گوگل پلے اسٹور پر کورونا وائرس سے متعلق کچھ بھی سرچ کریں گے تو انہیں کوئی نتائج نہیں ملیں گے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پلے اسٹور پر کرونا وائرس سے متعلق گیمز بھی بلاک کر دی گئی ہیں، اگر صارفین کورونا یا کووڈ-19 لکھ کر سرچ کریں گے تو انہیں کوئی بھی نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے۔تاہم گوگل کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کورونا وائرس سے متعلق جعلی معلومات کے حوالے سے فیس بک کی جانب سے بھی اقدام کیا گیا تھا جب کہ آن لائن ریٹیل ایمازون کی جانب سے کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے والی تمام تر جعلی پروڈکٹس ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی تھیں۔