آج رات 9 بجے سے منگل کی صبح 9 بجے تک پورا پنجاب بند، وزیراعلیٰ کا اعلان

ویب ڈیسک ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پیش نظر آئندہ دو روز تک اپنے گھروں میں رہیں۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت نے پٹرول پمپوں، میڈیکل سٹورز، کریانہ سٹورز اور تندوروں کے علاوہ ہر طرح کی کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر نے ایک پریس کانفرنس میں عوام سے اپیل کی ہے کہ ہ اگلے دو روز کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہیں۔ اگلے دو روز کیلئے شاپنگ مالز بھی بند رہیں گے۔ آج رات 9 بجے سے منگل کی صبح9 بجے تک شاپنگ مال اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔ تاہم عوام کی ضروریات کے پیش نظر میڈیکل اسٹورز اور کریانہ اسٹور کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بند نہیں کیا جارہا، تاہم اگر کسی جگہ پر بغیر وجہ دکانیں بند کروائی جا رہی ہیں تو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کسی کی بغیر وجہ دکان بند نہیں کروائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ میو ہسپتال میں علاج کی بہترین سہولیات میسر ہیں۔ میوہسپتال میں داخل کوئی مریض بھی تشویشناک حالت میں نہیں ہے۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت جو فیصلے کئے گئے انکی تفصیل درج ذیل ہے۔

  • ایکسپوسینٹر لاہور میں 900 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ ہسپتال کے قیام کی منظوری
  • محکمہ صحت اور پی ڈی ایم اے کیلئے تقریباً 8ارب روپے کے فنڈزکا اعلان
  • میڈیکل کالجوں میں ٹیلی میڈیسن کا پروگرام شروع کر دیا گیا۔
  • عثمان بزدار کاچیف منسٹر ایمرجنسی فنڈ کے قیام کا اعلان
  • لاہور میں 8 ہوٹلوں میں 880 بیڈز کی نشاندہی کر لی گئی ہے، ضرورت پڑنے پر انہیں استعمال کیا جا سکے گا۔
  • اجلاس میں ایران میں موجود زائرین کو ایئر لفٹ کرنے کی تجویز پر غور
  • گجرات،فیصل آباد اور ٹیکسلا میں بھی قرنطینہ مرکز قائم کیے جارہے ہیں۔
  • نجی ہسپتالوں میں خصوصی فلورمختص کیے جا رہے ہیں۔
  • بلوچستان حکومت سے تعاون اورتفتان میں قرنطینہ مرکز کے قیام کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزارتی کمیٹی تشکیل
  • ریٹائرڈ ڈاکٹروں اوردیگر سٹاف کو واک ان انٹرویو کے ذریعے بھرتی کرنے کی منظوری
  • گھروں میں آئسولیشن کے حوالے سے ایس او پیز مرتب کرلی گئی۔