کرونا وائرس سے جنگ کیلئے پورے ملک میں فوج تعینات کر دی گئی

ویب ڈیسک ۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی اس وقت کرونا وائرس سے جنگ میں مصروف ہے، سول حکومت نے اب جنگی بنیادوں پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پورے ملک میں فوج کو تعینات کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد اب ملک بھر میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ سول انتظامیہ کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی جس کے بعد سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستے تعینات کیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آج ہی صوبہ پنجاب میں بھی 6اپریل تک لاک ڈاوٴن کر دیا گیا۔ جس کے تحت صوبے بھر میں تمام کاروباری مراکز، پارکس، ریسٹورانٹ، ہوٹل اور شاپنگ مالز بند رہیں گے۔ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 805 تک پہنچ گئی ہے۔