کرونا:پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1102 تک جا پہنچی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1102 تک جا پہنچی ہے جب کہ 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکےا ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں بھی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

بدھ کے روز پاکستان میں کورونا وائرس سے آٹھویں ہلاکت ہوئی جہاں راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئیں، خاتون بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں اور 21 مارچ سے زیر علاج تھیں۔

خاتون کے انتقال سے پنجاب میں کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جب کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور  سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان  میں مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

ملک  میں کورونا کی آج کی صورتحال

آج بروز جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 25کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 12، اسلام آباد میں 9 اور سندھ میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

سرکاری پورٹل پر 9 کیسز میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں کورونا کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جہاں لاہور سے آئے ایک شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہزاد ٹاون کو جزوی لاک ڈاون کردیا ہے، علاقے کے دیگر افراد کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے،۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایاکہ بھارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن میں کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔