زائرین کو آنے کیوں دیا؟ جام کمال نے وجہ بتا دی

 کوئٹہ(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ایران میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد وہاں کی حکومت ہمارے زائرین کو اپنے پاس نہیں رکھ سکی لیکن ہم نے ایران سے آنے والے زائرین میں کوئی فرق نہیں کیا کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کے سرحد پر آنے کے باعث ہمیں زائرین کو لینا پڑا، تفتان میں پانچ ہزار زائرین کو رکھنے کے لیے انتظامات کیسے کیے، وہ ہم ہی جانتے ہیں، وہاں موجود انتظامیہ اور ڈاکٹروں نے 100 گنا زیادہ کام کیا ہے۔

تفتان بارڈر کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بہت سی باتیں کی گئیں، مجھے اس حوالے سے سیاست دانوں، اینکر پرسنز اور تجزیہ کاروں پر افسوس ہے، ان لوگوں نے وہاں کے عوام، ڈاکٹروں اور انتظامیہ کا مذاق بنایا کہ لوگ 500 مہمان سنبھال نہیں سکتے، یہ تو وقت بتائے گا کہ کس نے کتنا کام کیا۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگوں نے ہمارا حوصلہ بڑھایا اور ہماری رہنمائی کی، گزارش ہے کہ قوم کی حوصلہ شکنی کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریں، بہت سارے لوگ بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور یہی قوم کے اصل ہیروز ہیں۔

یاد رہے کہ تفتان قرنطینہ مرکز میں سہولیات کے فقدان پر ملک بھر میں بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔