کورونا الرٹ: موٹاپے کے شکار افراد کے لیے سخت وارننگ جاری

لاہور( ویب ڈیسک ) موٹاپا بذات خود ایک بیماری سمجھا جا تا ہے لیکن اب موٹاپے کے شکار لوگوں کے لیے مزید خطرہ بڑھ گیا ہے۔برطانوی ماہرین نے کورونا وائرس کے حوالے سے موٹاپے کے شکار افراد کے لیے سخت وارننگ جاری کر دی ہے، ماہرین نے برطانیہ میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے بتایا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے موٹاپے کے شکار افراد میں علامات سنگین ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اس وقت برطانیہ میں کورونا وائرس کے جتنے مریض تشویشناک حالت میں ہیں ان میں سے دو تہائی افراد موٹاپے کا شکار ہیں۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ موٹاپے کے علاوہ عمر کورونا وائرس کی علامات سنگین ہونے کی بڑی وجہ ہے کیونکہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریض، جن میں علامات سنگین ہوئیں اور وہ انتہائی نگہداشت میں پہنچے، ان میں 63 فیصد 60سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا مدافعتی نظام کمزور ہو ان میں کورونا وائرس سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ ان میں علامات سب سے زیادہ سنگین ہوتی ہیں اور وہ نمونیا کا شکار بھی ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں اب تک کورونا وائرس کے 5ہزار 600 مریض سامنے آ چکے ہیں اور 261 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔