پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد سندھ سے زیادہ ہو گئی، ملک بھر میں متاثرہ افراد تعداد 1408 ہوگئی

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پہلی بار کرونا کے مریضوں کی تعداد سندھ سے بڑھ گئی، گزشتہ روز پنجاب میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 490 ہوگئی جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 168 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تعداد 1408 ہوگئی۔

سندھ میں 440، پنجاب میں 490، خیبر پختونخوا میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 97، اسلام آباد میں 27 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق، 23 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

جمعہ کو پاکستان میں کورونا وائرس سے دو ہلاکتیں ہوئیں جو پنجاب میں رپورٹ کی گئیں جب کہ ملک بھر میں 179 کیسز رپورٹ ہوئے

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ٹویٹ کے مطابق پنجاب میں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی ہے جبکہ فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کی ہلاکت سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان قرنطینہ میں 207، ملتان 46، لاہور 115، گجرات 48، گوجرانوالہ، جہلم 19، راولپنڈی 14، ملتان 3، فیصل آباد 10، ڈی جی خان 5، منڈی بہاؤالدین 3، سرگودھا 2، ننکانہ 2، میانوالی 2، نارووال، اٹک، بہاولنگر، خوشاب اور رحیم یارخان میں ایک ایک مریض موجود ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں رات 8 بجے بند ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، صرف میڈیکل سٹورز چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔